آکسفورڈ کونسل میں کشمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور



سٹی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ایچ ٹی وی پاکستان  کے مطابق برطانیہ میں آکسفورڈ کونسل میں پیش کی گئی قرارداد بھارت پر دباؤ ڈالے گی، قرارداد کے متن میں بھارتی فوج کی وادی سے واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے، سٹی کونسل میں قرارداد کونسلرالطاف خان کی جانب سے پیش کی گئی۔
دریں اثنا وزیراعظم، وزارت خارجہ اور ممبران پارلیمنٹ کو خطوط لکھنے کی بھی منظوری دے دی گئی، کونسل نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور دیگر پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی مداخلت سے پاک بھارت مذاکرات شروع کیے جائیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اس سے قبل یورپی پارلیمنٹ اور امریکی ایوان نمائندگان میں بھی زیربحث آچکے ہیں۔ سٹی کونسل نے مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کو نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کا 114واں روز ہے، کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیا اشیاء خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہو چکا ہے۔
واد ی میں لاک ڈاؤن کے باعث کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.