ایک قسم کی خوشبودار بوٹی کو لیونڈر کہا جاتا ہے جسے اردو میں نیازبو، اسطخودّوس جبکہ عربی میں حُزام کہتے ہیں۔ اس کے بے پناہ استعمالات ہیں اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ لیونڈر سونگھنے سے ذہنی تناؤ دور ہوتا ہے۔
پوری دنیا میں لیونڈر کے صابن، کریمیں، تیل اور دیگر اشیا بے تحاشا استعمال ہوتی ہیں، اسی لیے اب سائنسداں بھی اس کا اعتراف کررہے ہیں کہ اس کی خوشبو سے ڈپریشن اور ذہنی خلفشار دور ہوتا ہے۔
جاپانی ماہرین نے کہا ہے کہ بنفشی رنگت کی اس جادوئی بوٹی کی خوشبو کو آپ نیند کی گولیوں کی جگہ استعمال کرسکتے ہیں اور اس کے کوئی منفی اثرات بھی نہیں ہوتے۔ اسی بنا پر دن میں ایک سے دو مرتبہ لیونڈر سونگھنے سے موڈ بہتر رہتا ہے۔ ماہرین نے یہاں تک کہا ہے کہ سرجری کے بعد درد سے کراہتے مریضوں کی تکلیف بھی اس کی خوشبو سونگھنے سے کم ہوجاتی ہے۔
جاپان کی کاگوشیما یونیورسٹی کے ماہرین نے لیونڈر کے اہم مرکب ”لینا لول“ کی خوشبو کو چوہوں پر آزمایا اور اسے بہت مفید پایا ہے۔ پاکستان سمیت جاپان اور دیگر ممالک میں ایک عرصے سے یہ خوشبو سکون آور تصور کی جاتی رہی ہے اور اب اس کی تصدیق جاپانی ماہر ڈاکٹر ہڈیکی کاشی واڈنی بھی کررہے ہیں۔
چوہوں پر کیے گئے تجربات میں اس کی خوشبو کو آزمایا گیا تو ان میں ڈپریشن اور بے چینی خاصی حد تک کم دیکھی گئی جس کی تفصیل فرنٹیئر ان بیہوریئل نیوروسائنس نامی تحقیقی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیقی مقالے میں کہا گیا ہے کہ لیونڈر کی خوشبو کی وجہ بننے والا مرکب لینالول براہِ راست دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ اس کا تیل ملنے کے مقابلے میں خوشبو سونگھنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے اور کچھ دیر میں دماغ ہلکا ہوجاتا ہے۔ اسی لیے سوتے وقت بھی لیونڈر کی خوشبو سونگھنا بہت مفید ہوتا ہے جس سے بے چینی، الجھن اور ذہنی تناؤ رفع ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کیلئے ہیں، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی مشورہ کر لیں۔
کوئی تبصرے نہیں