دنیا میں ماحولیاتی ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کی قرار داد منظور



یورپین پارلیمنٹ نے یورپ اور دنیا  بھر میں ماحولیاتی ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کی قرار داد منظور کرلی ہے، یہ قرار داد پارلیمنٹ کے سٹراسبرگ میں جاری اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ممبران پارلیمنٹ نے یورپین کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورپ اور دنیا میں درجہ حرارت میں اضافے کی حد کو 1.5C کے اندر رکھنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے اور اس کے لیے مختص اور طے کردہ تمام قانونی اور مالیاتی ضروریات کی جانب رُخ کرے۔
ایک علیحدہ قرارداد میں ممبران پارلیمنٹ نے یورپین کمیشن کی نئی صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ 2050ء تک مکمل صاف ماحول کے لیے اپنا منصوبہ پارلیمنٹ میں پیش کریں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس منصوبے میں 2030ء تک گرین ہاؤس گیس امیشن میں 55 فیصد کمی کے لیے بھی ہدف مقرر کریں ۔
یہ قرارداد جو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 2 سے 13 دسمبر تک اسپین کے شہر میڈرڈ میں منعقد ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق COP25 کانفرنس سے قبل پیش کی گئی۔
اس میں یورپین یونین کے تمام ممبر ممالک سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ آئندہ سال تک فوسل ایندھن کے لیے دی جانے والی بالواسطہ یا بلا واسطہ ہر طرح کی اعانت ختم کریں۔
اس قرارداد کے حق میں 429 ووٹ آئے جبکہ 225 ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی اور 19 ارکان غیر حاضر رہے ۔ 

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.