شطرنج میں عالمی ریکارڈ بنانے والی پاکستانی لڑکی




لاہور سے تعلق رکھنے والی مہک گل نامی لڑکی نےانتہائی کم وقت میں ایک ہاتھ سے شطرنج کا بورڈ ترتیب دے کر عالمی ریکارڈ بنالیا۔
عام طور پر شطرنج کو بڑی عُمر کے لوگوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے اور اگر کوئی نوجوان شطرنج کے کھیل میں دلچسپی ظاہر کرے تو اُسے بڑی حیرت بھری نظروں سے دیکھا جاتا ہے لیکن ایک نوجوان لڑکی ایسی بھی ہےجو خود کو ’شطرنج کی ملکہ‘ کہتی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مہک گل نے بتایا کہ اُن کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ سیکنڈ ائیر کی طلبہ ہیں،  وہ خود کو شطرنج کی ملکہ اس لئے کہتی ہیں کیونکہ اُنہوں نے 2011 میں نیشنل ویمن چیس چیمپئین شپ کھیلی تھی۔
مہک گل نے بتایا کہ اِس نیشنل ویمن چیمپئین شپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد اُنہوں نے 2012 میں ورلڈ چیس اولمپیاڈ کھیلی تھی جو ترکی میں کھیلی گئی تھی اور اُسی سال اُنہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی بنایا جس میں اُنہوں نے انتہائی کم وقت میں صرف ایک ہاتھ سے شطرنج بورڈ ترتیب دیا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اُنہوں نے 2016 میں دوسری مرتبہ ورلڈ چیس اولمپیاڈ کھیلی تھی جو آذر بائیجان میں منعقد ہوئی تھی جس میں اُنہوں نے ڈبلیو سی ایم ویمن کینڈیڈیٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اور اب وہ پاکستان کی سب سے کم عمر ترین ڈبلیو سی ایم ہیں۔ 
اُنہوں نے شطرنج کے شوق کے حوالے سے بتایا کہ اُن کو یہ کبھی معلوم نہیں تھا کہ شطرنج کا کھیل ایک پیشہ ہے اور باقاعدہ اِس کے کھیل منعقد کروائے جاتے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ اُن کو شطرنج کے کھیل سے متعلق کچھ بھی معلوم نہیں تھا جو کچھ بھی پتا چلا وہ اُن کے والد صاحب نے بتایا۔
اُنہوں نے کہا کہ جب اُنہوں نے شطرنج کھیلنا شروع کیا تو شروعات میں اُن کو بہت زیادہ ڈانٹ بھی پڑتی تھی، مہک گل نے بتایا کہ اُن کی والدہ کہتی تھیں کہ شطرنج کے علاوہ بھی دوسرے کام سیکھو اور پڑھائی کی طرف بھی توجہ دو۔
اُنہوں نے بتایا کہ اُن کے شطرنج کھیلنے کے بعد سے بہت سے نوجوان اور بچے اِس کھیل کی جانب راغب ہوئے ہیں،  اب اُن کے بہن بھائی اور کزنز وغیرہ بھی یہ کھیل سیکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ملک میں شطرنج پر توجہ دی جائے تو پاکستان سے  بہت سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
مہک گل کے والد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بچوں کی پہچان اُن کے والدین سے ہوتی ہے لیکن اُن کی پہچان اُن کی بیٹی سے ہے، اُنہوں نے کہا کہ جب اُن کو لوگ کہتے ہیں کہ یہ مہک گل کے والد ہیں تو مجھے خود پر اور اپنی بیٹی پر بہت زیادہ فخر محسوس ہوتا ہے۔
مہک گل نے مزید کہا کہ اگلے سال 2020 میں ماسکو میں ورلڈ چیس اولمپیاڈ کھیلی جائے گی اور اُن کی خواہش ہے کہ وہ اِس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

کوئی تبصرے نہیں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.